گلستان دیوبند
مفتی محمد راشد ڈسکوی
الله رب العزت کے دربار اقدس میں عزت ومرتبہ دلانے والی صفت، صفت عبدیت ہے، جو خاصہ ہے تو اضع کا اور اسی دربار میں ذلیل ورسوا کرنے والی چیز تکبر ہے، اسی خصلت رذیلہ کی وجہ سے ابلیس لعین راندہٴ درگاہ ہوا اور ہمیشہ کے لیے لعنت خداوندی کا مستحق ٹھہرا، اعاذنا الله منہ․

اگر اخلاص، تواضع او رعبدیت کے کمالات حسنہ سے اپنے کو مزین کر لیا جائے تو پھر ایسے شخص کے لیے اطاعت خداوندی اور تقرب عندالله کے راستے کھلتے چلے جاتے ہیں، اس کی تھوڑی سی خدمت بھی حق تعالیٰ شانہ کے یہاں بہت زیادہ وزنی او رمقبول ہوتی ہے اور دنیا میں بھی اس کے دور رس اور گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

افضل البشر، خدائے بزرگ وبرتر کے بعد سب سے بزرگ ہستی، خاتم الرسل، حضرت محمد صلی الله علیہ وسلم کی تواضع کا یہ عالم تھا کہ آپ صلی الله علیہ وسلم کے خادم خاص حضرت انس رضی الله عنہ فرماتے ہیں :

”آپ صلی الله علیہ وسلم زمین پر بیٹھ جاتے، بکری کا دودھ دوہ لیتے اور غلام کی دعوت بھی قبول فرمالیتے او رارشاد فرماتے: اگر مجھے ایک دست گوشت کی طرف دعوت دی جائے تو اسے بھی قبول کر لوں گا او راگر بکری کا ایک پایہ ہدیہ کیا جائے تو وہ بھی قبول کر لوں گا۔“ (شرح السنة للبغوی)

ایک مرتبہ کسی سفر میں چند صحابہ نے ایک بکری ذبح کرنے کا ارادہ فرمایا او راس کا کام تقسیم فرمایا، ایک نے اپنے ذمہ ذبح کرنا لیا ، دوسرے نے کھال نکالنا، کسی نے پکانا، حضور صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا کہ پکانے کے لیے لکڑی اکٹھی کرنا میرے ذمہ ہے۔ صحابہ نے عرض کیا ،یا رسول الله! یہ کام ہم خود کر لیں گے ، حضور صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا یہ تو میں بھی سمجھتا ہوں کہ تم لوگ اس کو بہ خوشی کر لو گے، لیکن مجھے یہ بات پسند نہیں کہ میں مجمع میں ممتاز رہوں اور الله جل شانہ بھی اس کو پسند نہیں فرماتے۔ (الرحیق المختوم)

حضرت عائشہ رضی الله عنہا سے سوال کیا گیا کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم گھر میں کیا کرتے تھے ؟ آپ نے جواب میں ارشاد فرمایا ”رسول الله صلی الله علیہ وسلم بھی انسانوں میں ایک انسان تھے، اپنے کپڑے میں خود جوں تلاش کر لیتے ( کہ کسی کے کپڑوں سے نہ آگئی ہو ) بکری کا دودھ دوہ لیتے تھے ، اپنا کپڑا سی لیتے اپنا کام خود کرتے ، اپنا جوتا گانٹھ لیتے اور وہ تمام کام سر انجام دیتے جو مرد اپنے گھروں میں انجام دیتے ہیں او رگھر والوں کی خدمت کرتے ، جب مؤذن کی آواز سنتے تو نماز کے لیے تشریف لے جاتے۔“ ( سنن الترمذی)

یہ نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کے اخلاق حسنہ کی ایک ادنی سی جھلک ہے ، آپ صلی الله علیہ وسلم کی ایک ایک ادا سے تواضع، عاجزی اور عبدیت کا ظہور ہوتا ہے۔ آپ صلی الله علیہ وسلم کی یہ مبارک ادائیں سینہ بہ سینہ منتقل ہوتی ہوئی ساڑھے تیرہ سو سال کے بعددیوبند کے فرزندوں میں پوری طرح روشن چمکتے ہوئے ستاروں کی طرح دمکتی ہوئی نظر آتی ہیں، سنت نبوی صلی الله علیہ وسلم کا پورے کا پورا نمونہ ان قدسی صفات سے منور نفوس میں پوری طرح نظر آتا ہے ، آپ صلی الله علیہ وسلم کے اخلاق کریمانہ کی ہر خصلت کو ان حضرات نے سینے سے لگایا اور ثابت کر دکھایا کہ عاشق رسول کون ہے اور گستاخ رسول کون ہے۔

دیوبند کے پروانوں میں سے جس پر بھی انگلی رکھ دی جائے وہی بے مثال نظر آتا ہے ، جب حضرت العلام مولانا محمد انور شاہ صاحب کشمیری کی وفات ہوئی تو لاہور میں ان کی یاد میں ایک تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں خطاب کرتے ہوئے شاعر مشرق نے کیا خوب کہا #
        ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پے روتی ہے
        بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا

پھر کہا کہ اسلام کی آخری پانچ سو سالہ تاریخ علامہ انور شاہ کشمیری کی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے، ایسا بلندپایہ عالم او رفاضل جلیل اب پیدا نہ ہو گا۔

جب کہ حقیقت یہ ہے کہ شاعر مشرق کی اس بات کا مصداق صرف حضرت کشمیری ہی نہ تھے، بلکہ حضرت کے اساتذہ ، تلامذہ، ہم عصر سب ہی دُریکتا تھے۔

No comments:

Post a Comment

السلام علیکم ورحمۃ اللہ:۔
اپنی بہترین رائے ضرور دیں۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء